اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی):مشرق وسطیٰ کے ممالک، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو پاکستانی برآمدات میں جاری مالی سال کے دوران بالترتیب 4.47 فیصد ،6.95فیصد اور 8.27 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی ) کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی نو ماہ ( جولائی 2024 تا مارچ 2025 )کے دوران برآمدات سے 2.381 ارب ڈالر زر مبادلہ کمایا گیا ہے جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں زرمبادلہ کا حصول 2.279 ارب ڈالر رہا تھا ۔ اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے پہلےنو ماہ میں مشرق وسطیٰ کے ممالک کو کی جانے والی قومی برآمدات میں 0.102 ارب ڈالر یعنی 4.47 فیصد بڑھوتری ریکارڈکی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران مشرق وسطیٰ کے خطے کو کی جانے والی برآمدات میں مجموعی طور پر 35.23 فیصد کا اضافہ ہوا تھا اور برآمدات کی مالیت 2.33 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 3.155 ارب ڈالر تک بڑھ گئی تھی ۔ مرکزی بینک کےمطابق جاری مالی سال میں سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات میں 6.95 فیصد کے اضافہ سے جولائی 2024 تا مارچ 2025 کے عرصہ میں برآمدات کی مالیت 552.26 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ گذشتہ مالی سال کے پہلے نو ماہ میں برآمدات کا حجم 516.34 ملین ڈالر رہا تھا ۔ اس طرح گذشتہ مالی سال کےمقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران سعودی عرب کو کی جانے والی برآمدات میں 35.92 ملین ڈالر یعنی 6.95 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔
رپورٹ کےمطابق گذشتہ مالی سال میں سعودی عرب کو کی جانے والی برآمدات میں 40.98 فیصد کی بڑھوتری ریکارڈکی گئی تھی اور برآمدات کا حجم 503.851 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 710.335 ملین ڈالر تک پہنچ گیا تھا ۔ اسی طرح متحدہ عرب امارات کو کی جانے والی برآمدات میں رواں مالی سال کے دوران 8.27 فیصد اضافہ ہوا ہے اور گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے نو ماہ کے عرصہ میں برآمدات کا حجم 1.487 ارب ڈالر کےمقابلہ میں 1.610 ارب ڈالر تک بڑھ گیا ۔
واضح رہے کہ گذشتہ مالی سال میں یو اے ای کو کی جانے والی برآمدات 41.15 فیصد کے اضافہ سے 1.475 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 2.082 ارب ڈالر تک بڑھ گئی تھیں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591085