مشرق وسطیٰ میں امن ،پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے لئےمفاہمت میں سعودی عرب کے اہم کردار کو سراہتے ہیں،وزیراعظم شہباز شریف

54
Prime Minister Shahbaz Sharif
Prime Minister Shahbaz Sharif

اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امن کے لئے سعودی عرب کی کوششوں کے ساتھ ساتھ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے لئے مفاہمت میں اس کے اہم کردار کو سراہتے ہیں۔بدھ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی۔

وزیراعظم نےخادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لئے اپنے پر خلوص جذبات کااظہار کیا۔ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود کے ساتھ اپنی حالیہ 24 جون کی گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کے ساتھ ساتھ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے لئے مفاہمت میں اس کے اہم کردار کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان نے جولائی کے مہینے کےلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی ہے اور اس مدت کو سعودی عرب کی حمایت سے گزارنے کے عزم کا اظہار کیا ۔ سعودی سفیر نے خطے میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کے کردار پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔