مشرق وسطیٰ کے ممالک کو کی جانے والی قومی برآمدات میں جاری مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران 17.98 فیصد اضافہ

135
State Bank

اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):مشرق وسطیٰ کے ممالک کو کی جانے والی قومی برآمدات میں جاری مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران 17.98 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2024 کے دوران مشرق وسطیٰ کو کی جانے والی برآمدات کا حجم 1.597 ارب ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2023 کے دوران برآمدات کی مالیت 1.506 ارب ڈالر رہی تھی ۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران مشرق وسطیٰ کے ممالک کو کی جانے والی قومی برآمدات میں 0.091 ارب ڈالر یعنی 18 فیصد کااضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران مشرق وسطیٰ کو کی جانے والی برآمدات میں 35.23 فیصد کی بڑھوتری ہوئی تھی اور زرمبادلہ کا حصول 2.33 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 3.155 ارب ڈالر تک بڑھ گیا تھا۔

ایس بی پی کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران سعودی عرب کو کی جانے والی برآمدات 10.88 فیصد کے اضافہ سے 328.23 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 363.97 ملین ڈالر تک بڑھی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال میں سعودی عرب کو کی جانے والی برآمدات کے حجم میں 40.98 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا ۔ اسی طرح رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کےدوران متحدہ عرب امارات کو کی جانے والی ملکی برآمدات کے حجم میں 8.8 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے اور برآمدات کی مالیت ایک ارب ڈالر کے مقابلہ میں 1.88 فیصد تک بڑھ گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران یو اے ای کو کی جانے والی برآمدات میں 41.15 فیصد کی شرح نمو ریکارڈ کی گئی تھی۔ دوسری جانب جاری مالی سال کے دوران بحرین کو کی جانے والی برآمدات میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران 24.69 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور برآمدات کا حجم 35.52 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 26.75 ملین ڈالر تک کم ہوگیا ہے۔

ایس بی پی کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں کویت کو کی جانے والی قومی برآمدات میں بھی 4.62 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے اور برآمدات کا حجم 62.05 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 59.18 ملین ڈالر تک کم ہوگیا ہے ۔ اسی طرح رواں مالی سال کے دوران قطر کو کی جانے والی قومی برآمدات میں بھی 26.26 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔