اسلام آباد ۔ 24 ستمبر (اے پی پی) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ اور پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال ملک نے کہا ہے کہ قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا، کشمیر میں اس وقت بہت خطرناک صورتحال ہے، تعلیمی ادارے بند ہیں، لوگ گھروں میں محصور ہیں، بازار بند ہیں، کشمیریوں کو ادویات دستیاب نہیں ہیں، طالب علم کشمیری بچوں کی آواز بنیں۔ وہ منگل کو یہاں نجی سکول ماڈرن لینگویجز پبلک سکول و کالج کے طلباءو طالبات کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر سکول کے بچوں نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے 50 دن مکمل ہونے پر وہاں کے حالات کی ٹیبلو کے ذریعے منظر کشی کی۔ مشعال ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی نہیں ہوتا کہ سکول اور کالج بند کر دیئے جائیں، کشمیر میں رات کے اوقات میں لائٹ بند کر دی جاتی ہے، جتنا مضبوط پیغام ہم دنیا کو دیں اتنا ہی کشمیریوں کے حق میں دنیا میں آواز بلند ہو گی، بچوں کا پیغام دنیا میں انقلاب لا سکتا ہے، بچوں کا پیغام بہت پراثر ہوتا ہے، کشمیر میں ہر دن تکلیف کا ہے، لوگ اپنے گھروں میں محصور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ 5 سال کی تھیں تو وہ کشمیر کیلئے فنڈ اکٹھا کرتی تھیں۔ انہوں نے سکول کے بچوں سے کہا کہ وہ کشمیری بچوں کی آواز بنیں، ہمارے والدین نے ہمیں کشمیریوں سے پیار کرنا سکھایا۔