مشکلات سے نمٹنے اور ایمرجنسی صورتحال میں یواین او سی ایچ اے کا کردار انتہائی اہم ہے،چیئرمین سینیٹ

196

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہاہے کہ موسمیاتی تبدیلی،تخفیف غربت اور مہاجرین کا مسئلہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے،مشکلات سے نمٹنے اور ایمرجنسی صورتحال میں یواین او سی ایچ اے کا کردار انتہائی اہم ہے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق یو این او سی ایچ اے ہیڈ آف سیکشن ایشیاءپیسیفیک رتھ مکوانا سے ملاقات کے دوران تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی،تخفیف غربت اور مہاجرین کا مسئلہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ مقامی،علاقائی اوربین الاقوامی معاونت کے ذریعے ہی ان مسائل کو حل کرنے میں مددملے گی۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے ڈبلیو ایچ او کے ساتھ ملکر ایک کمیٹی بنائی ہے اور یواین او سی ایچ اے کے ساتھ بھی اسی طرز پرکمیٹی بنانے کے خواہاں ہیں یہ کمیٹی، پپس اور یو این او سی ایچ اے کے اشتراک سے سیمینار ز اور ورکشاپس کا انعقاد کرے گی۔ وبائی امراض کے حوالے سے آگاہی پھیلانی کی ضرورت ہے۔

پانی کی بڑھتی قلت اور فوڈ سیکیورٹی بڑے چیلنجز ہیں جس سے نمٹنے کی اشد ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمان ایک سپریم ادارہ ہے،موثرقانون سازی کے ذریعے بھی ان چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہےموسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنج سے نمٹنے کیلئے مل کر کوششیں کرنی ہونگی۔

تحفیف غربت، موسمیاتی تبدیلی اور دیگر چیلنجز پر قابو پانے کیلئے پارلیمان کوشش جاری رکھے ہوئے ہے اس سلسلے میں پارلیمان کی استعداد کار بڑھانے کی ضرورت ہے۔ مشکلات سے نمٹنے اور ایمرجنسی صورتحال میں یواین او سی ایچ اے کا کردار انتہائی اہم ہے۔

مس رتھ مکوانا نے چیئرمین سینیٹ کو یو این او سی ایچ اے کے کام اور طریقہ کار سے آگاہ کیا اور کہاکہ ملاقات میں سامنے آنے والی تجاویز کو زیر غور لانے کے ساتھ ساتھ رابطہ کاری کے عمل کو جاری رکھا جائے گا۔ ملاقات میں سیکریٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان اور اعلی حکام موجود تھے۔