مشکل حالات کے باوجود وزیر اعظم چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہیں،میاں فرخ حبیب

134
مشکل حالات کے باوجود وزیر اعظم چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہیں،میاں فرخ حبیب
مشکل حالات کے باوجود وزیر اعظم چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہیں،میاں فرخ حبیب

فیصل آباد۔12اپریل (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز میاں فرخ حبیب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان مشکل حالات کے باوجود چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعزم اور بروقت و درست سمت میں فیصلے کر رہے ہیں جبکہ اپوزیشن کا حکومت کے ہر اقدام میں کیڑے نکالنا اور میں نہ مانوں کی رٹ مایوسی پھیلانے کی ناکام کوشش ہے۔

میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے طاقتور معیشتوں کی بنیادیں ہل کر رہ گئی ہیں مگر وزیر اعظم عمران خان نے مشکل حالات میں بروقت غیر معمولی فیصلے کئے اورآنیوالے وقت کو بھی پیش نظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے کسی بھی موقع پر مثبت تجاویز نہیں دیں بلکہ ان کی توجہ اپنی سیاست چمکانے پر مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خا ن کی عوام دوست پالیسیوں کی بدولت ملک میں معاشی استحکام آرہا ہے نیزڈالر کی قیمت میں روزبروز کمی اور روپیہ کی قدر میں اضافہ ومستحکم ہونا حکومتی کامیاب معاشی پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی میں کمی لانے اور عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے جس کے دورس نتائج جلدعوام کے سامنے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ کیلئے پی ٹی آئی حکومت کے اقدامات بھرپور کامیابی سے ہمکنار ہوئے اور گزشتہ دس برسوں کے بعد مسلسل چھ ماہ برامدات کا حجم 2ارب سے زائد رہا جبکہ مجموعی طور پر ملکی برآمدات میں 12 فیصد اضافہ ہوا ہے نیز ملکی برآمدات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ روپیہ مستحکم ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کی محنت رنگ لائی اور ملکی معیشت درست سمت میں رواں ہوئی جس کے بعد جلد پاکستان وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ہی ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز پر رمضان ریلیف پیکج کو ازسرنو حتمی شکل دیدی ہے جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر رمضان پیکج کے تحت 7 ارب 84 کروڑ 26 لاکھ روپے کی سبسڈی مختص کی گئی ہے جہاں گھی،چینی،آٹے اور دالوں سمیت دیگر 19 اشیا پر سبسڈی دی جارہی ہے۔