اسلام آباد ۔ 30 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رکن قومی اسمبلی صداقت علی عباسی نے کہا کہ حکومت نچلے اور درمیانے طبقے کی ترقی کے لئے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے،ماضی کی حکومتوں نے گذشتہ تیس سال کے دوران ان طبقات کو نظرانداز کئے رکھا ۔ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر ایک جانتا ہے کہ عمران خان کی تحریک بنیادی طور پر متوسط طبقے کی بہتری کے لئے ہے گزشتہ حکومتوں کی بدعنوانی کی وجہ سے، کم آمدنی والاطبقہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔ مہنگائی کے بارے میں ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے یقین دلایا کہ مستقبل قریب میں حکومت اپنی عوام دوست پالیسیوں کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کرے گی کیونکہ مشکل وقت ختم ہوچکا ہے اور ملک درست سمت میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔انہوں نے کہاکہ "حکومت بدعنوانی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہے اور لٹیروں سے قومی دولت کی واپسی کے لیے کوشاں ہے جس کی واپسی سے قومی معیشت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن کی دونوں سابقہ حکومتوں نے ملکی خزانے کو لوٹ کر اور بڑے قرضے لے کر قومی معیشت کو تباہ کیا ہے۔