اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت اور فلسطینی شہریوں پر مظالم اور ان کے گھروں پر جبری قبضے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس مشکل گھڑی میں اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں- یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر جمعہ کص اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں مسئلہ فلسطین بہترین طریقے سے اجاگر کیا گیا۔
اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ سیز فائر ایک موثر قدم ہے اور اس کا خیرمقدم کرتے ہیں- انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے کے مستقل حل تک ان کے لئے آواز اٹھاتے رہیں گے- ایک آزاد فضا میں سانس لینا تمام فلسطینیوں کا بنیادی حق ہے- اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ مستحکم اور آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہی مسئلے کا حل ہے- اسرائیل نے اپنے مظالم سے تمام انسانیت کو شرمندہ کر دیا ہے، معصوم بچوں اور عام شہریوں پر بمباری کرنا بزدلی کی نشانی ہے- انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے جس طرح اپنے فلسطینی بھائیوں کے لئے آواز اٹھائی اور مدد کی، اس کی داد دیتا ہوں- انشاء اللہ مسئلے کے حل تک اپنی کوششیں جاری رکھیں گے-