مشیربرائے خزانہ، محصولات و اقتصادی امور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

77

اسلام آباد ۔ 19 جون (اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے گندم کی برآمد پر پابندی کی تجویز پر سفارشات مرتب کرنے کیلئے معاملہ ای سی سی کی قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاورسیکٹرکے اداروں کے قابل وصول قرضوں کے بدلہ میں انڈسٹریل سپورٹ پیکیج (آئی ایس پی) کا معاملہ بھی حل کر دیا، اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ملک میں جہازرانی کی صنعت کو مضبوط بنانے کیلئے جہازوں کی درآمد پرٹیکس ریلیف دینے کے ضمن میں وزارت میری ٹاےم افئیرز کی تجویز کی منظوری دیدی گئی ہے۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو یہاں وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ، محصولات و اقتصادی امور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے کمیٹی کو ملک میں گندم کے دستیاب سٹاک کے حوالہ سے آگاہ کیاگیا۔ وزارت کی جانب سے بتایا گیا کہ گندم کی ملکی ضرورت 25.84 ملین ٹن ہے جبکہ دستیاب گندم کا حجم 28 ملین ٹن ہے۔ اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی جانب سے گندم کی برآمد پر پابندی کی تجویز کا جائزہ لیا گیا اور تجویز پر سفارشات مرتب کرنے کیلئے یہ معاملہ ای سی سی کی قایم کمیٹی کے سپرد کیا گیا۔ پاورڈویژن کی جانب سے کمیٹی کو پاور سیکٹرکے کیش اور نان کیش سیٹلمنٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔