کراچی۔28جولائی(اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت( ایف پی سی سی آئی) سمیت ملک بھر کی کسی بھی تجارتی انجمنوں کے عہدیداران کی معیاد بڑھانے اور انہیں مزید ایک سال منصب پر برقرار رکھنے کی کسی تجویز پر غور نہیں کیا جارہا اور نہ ہی قانون میں ایسی کوئی گنجائش موجود ہے۔ منگل کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق مشیر تجارت نے یہ بات یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی) کے سرپرست اعلیٰ ا ورٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے سابق چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیراور سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر افتخار علی ملک کی قیادت میں تجارتی وفد سے ملاقات میں کہی۔اس موقع پر سیکریٹری تجارت صالح فاروقی، ایڈیشنل سیکریٹری تجارت ، ایف پی سی سی آئی کے سابق صدورزبیر طفیل، عبدالرﺅف عالم، خالدتواب،سہیل الطاف،ظفر بختاوری، ملک سہیل حسین بھی موجودتھے۔ عبدالرزاق داﺅد نے کہا کہ تاجروں اور صنعت کاروں کی نمائندہ تنظیم ایف پی سی سی آئی اور چند ٹریڈ باڈیز کی جانب سے کوروناوائرس کی آڑ میں اپنے عہدے کی معیاد ایک سال کی بجائے دوسال کرانے کیلئے کوششیں کی گئیں لیکن انہیں واضح طور پر انکار کردیا گیا ہے کہ ہم قانون کے برخلاف کو ئی کام نہیں کریں گے۔ انہوں نے تجارتی وفد کی جانب سے کئے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ تمام ٹریڈ باڈیز میں انتخابات مقررہ وقت پر ہی منعقد ہونگے کیونکہ ٹریڈ باڈیز آرڈیننس کے مطابق عہدیداران کی معیاد ایک سال ہے۔ اس موقع پر ایس ایم منیر نے کہا کہ ملک میںکورونا وائرس کی روک تھام کیلئے وزیراعظم عمران خان اور انکی ٹیم موثر انداز میں کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور اب کورونا کا زور کم ہورہا ہے لیکن عیدالاضحی پر کورونا وائرس بڑھنے کے خدشات بھی ظاہر کئے گئے ہیں اس لئے قوم محتاط رہے۔ایس ایم منیر نے مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد سے کہا کہ ملکی برآمدات میں اضافہ بے حد ضروری ہے اورآئندہ چندماہ میں جب دنیا بھر سے کوروناوائرس کی وباءختم ہوگی تو نئے آرڈرزحاصل کرنے کی جدوجہد کرنا ہوگی،ایسے حالات میں ٹڈاپ کے متعلقہ افسران اوربیرون ممالک کمرشل اتاشی کو اپنی ذمہ داریاں نبھانا ہونگی۔انہوں نے کہا کہ وہ ٹڈاپ کے افسران کو ایکسپورٹ بڑھنے کیلئے موثر لیکچر دینے کو تیا ر ہیں ،میں نے جتنا عرصہ بھی ٹڈاپ کے سربراہ کے طور پر گزارا اس دوران میں نے ایک پیسہ تنخواہ نہیں لی،اپنی ذاتی گاڑیاں استعمال کیں اور وہاں سے نکلتے وقت ایک ارب روپے چھوڑ کر آیا،مجھے اب کسی عہدے کی ضرورت نہیں لیکن پاکلستان کی ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کو تیارہوں۔مشیرتجارت عبدالرزاق داﺅد نے ایس ایم منیر کے ٹڈاپ کے افسران کو لیکچر دینے کے آئیڈیا کو سراہا۔