اسلام آباد۔22دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات شوکت ترین نے ٹیکس دہندگان کی سہولت، انتظامی کارکردگی اور شفافیت کے لئے آٹومیشن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ایف بی آر کو ٹیکس دہندگان کے ڈیٹا کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کرنے ہدایت کی ہے۔
انہوں نے یہ ہدایات بدھ کویہاں ایف بی آر کے ہیڈکوارٹرز میں آٹومیشن سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد اشفاق احمد،ممبر ایف بی آر (آئی ٹی) ڈاکٹر اشفاق احمد تونیو، چیف انفارمیشن آفیسر (سی آئی او) منصور سلطان اور پرال کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین سید جاوید نے شرکت کی۔
مشیر خزانہ کو آٹومیشن کے اقدامات، ڈیٹا سینٹر کی اپ گریڈیشن اور ڈیٹا سیکیورٹی سے متعلق اقدامات پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ مشیر خزانہ نے ٹیکس دہندگان کی سہولت، انتظامی کارکردگی اور شفافیت کے لئے آٹومیشن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ایف بی آر کو ٹیکس دہندگان کے ڈیٹا کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہاکہ مطلوبہ مقاصد واہداف کے حصول کے لئے تمام مطلوبہ وسائل مہیا کئے جائیں گے۔ مشیرخزانہ نے کہاکہ حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اہم اقدامات کے لئے نگرانی کا مناسب طریقہ کار قائم ہونا چاہئے۔