اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید ترین خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوانوں کو نام نہاد سرچ آپریشنز کی آڑ میں شہید کر رہا ہے،بھارت کشمیریوں کی الگ شناخت کو ختم کر کے اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔
جمعہ کواپنے جاری بیان میں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کشمیریوں کا جذبہ حریت بھارتی سفاکانہ اقدامات سے کئی درجے زیادہ مضبوط ہے،عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا فوری نوٹس لے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کشمیریوں سے متعلق اپنی اجتماعی ذمہ داریوں کو پورا کرے ،مسلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔