مشیر برائے احتساب و داخلہ کی زیرصدارت اسلام آباد کے وکلا کے مسائل حل کرنے بارے اجلاس، بیرسٹر شہزاد اکبر کی وکلا رہنماﺅں کو مسائل کے حل کے لیے اقدامات کی یقین دہانی

76

اسلام آباد ۔ 24 ستمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ بیریسٹر مرزا شہزاد اکبر کی زیرصدارت اسلام آباد بار کونسل کے وکلا کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے اجلاس وزارت داخلہ اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چوہدری حسیب محمد صدر اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ، عمران شوکت راو¿ وائس پریزیڈنٹ اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ، سہیل اکبر چوہدری سیکرٹری اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن جاوید سلیم شورش ممبر اسلام آباد بار کونسل ، نصیر احمد کیانی ممبر اسلام آباد بار کونسل ، شعیب شاہین ممبر پاکستان بار کونسل اور ظفر کھوکھر پریزیڈنٹ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن شریک ہوئے۔ اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے اسلام آباد بار کونسل کے وکلا کے ساتھ میٹنگ میں بہت سے اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ضلعی عدالتوں کی جگہ کی تبدیلی ، اسلام آباد ہائی کورٹ کی جگہ کی تبدیلی اور وکلا کمپلیکس کی تعمیر سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اسلام آباد میں پروسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کی عدم موجودگی کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں موجودہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ایریا کو ضلعی عدالت (ایسٹ اور ویسٹ) کے لئے جڑواں ٹاور تعمیر کرنے اور اسی علاقے میں ایک علیحدہ کمپلیکس جس میں وکلا چیمبرز اور دیگر سہولیات وکلا کو مہیا کیے جانے کے معاملہ کو بھی زیر غور لایا گیا ۔ بیرسٹر شہزاد اکبر نے وکلا کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل اور مشکلات کو دور کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے ، انہوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق وزیر اعظم اور وفاقی کابینہ کو وکلا کے مسائل کا موثر حل پیش کیا جائے گا۔