گلگت۔12مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے جمعرات کے روز ہنزہ حسن آباد کے سیلاب متاثرین اور عمائدین سے ملاقات کی اور متاثرہ پل کا بغور جائزہ لیا ۔ اس موقع پر کمشنر گلگت میر وقار اور ڈی سی ہنزہ محمد عثمان علی نے حسن آباد سیلاب کے تمام تر صورت حال اور انتظامات سے آگاہ کیا۔ قمر زمان کائرہ نے متاثرین کےلئے لگائے گئے کیمپوں کا دورہ کرتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے متاثرین و عمائدین حسن آباد کی جانب سے پیش کردہ تمام تر مطالبات فوری طور پر حل کرنے کے احکامات جاری کئے ۔
اس موقع پر متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومت متاثرین کی بحالی کا عزم کیے ہوئے ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ خود حالات کا جائزہ لینے کے لیے گلگت بلتستان آئے ہیں، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ متاثرین کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس قدرتی آفت کے نتیجے میں این ڈی ایم اے، این ایچ اے اور صوبائی حکومت کے حکام نے بروقت کاروائی کی جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، انہوں نے اہل علاقہ اور متاثرین کو یقین دلایا کہ عارضی پل کا سامان موقع پر پہنچ چکا ہے اور اگلے پندرہ سے بیس دن کے درمیان عارضی پل کی تعمیر مکمل کر لی جائے گی انہوں نے مزید کہا کہ مستقل پل کی تعمیر پر بھی پیش رفت تیزی سے جاری ہے اور مستقل پل کو بھی اگلے چھ ماہ کے قلیل عرصے میں مکمل کر لیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ وہ متاثرین جن کے گھر اس حادثے میں تباہ ہوئے ہیں ان کو ایک سال کے لئے ماہانہ پندرہ ہزار روپے کے حساب سے کرایہ دیا جائے گا اور ان کی مستقل بحالی کے ضمن میں صوبائی حکومت جلد ایک پالیسی ترتیب دے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ متاثرین کی بحالی کے لئے وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے اور حکومت متاثرین کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی ، انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے دورے کا مقصد یہ تھا کہ عوام اور اہل علاقہ سے مل کے ان کے مسائل کو جانا جاسکے انہوں نے اس قدرتی آفت کے نتیجے میں متعلقہ اداروں اور صوبائی حکام کے متحرک کردار کی بھی تعریف کی جس کی وجہ سے نقصانات کو کافی حد تک محدود کرنے میں مدد ملی۔
اس سے قبل این ایچ اے کے جنرل مینیجر محبوب علی نےسٹیل پل کو نصب کرنے کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک کی فوری بحالی کے لئے سٹیل پل انسٹال کیا جائے گا جس کےلئے ٹینڈر ایف ڈبلیو او کو دیا جاچکا ہے اور فنڈ بھی جاری کر دیا گیا ہے تاہم پل کی فکسنگ کا کام دو ہفتے میں مکمل کیا جائےگا۔ پیدل پل کی تعمیر کیلئے کام جاری ہے۔