اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ سے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے ملاقات کی۔ملاقات میں گلگت بلتستان میں مون سون بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یہاں جاری بیان کے مطابق اس موقع پرقمر زمان کائرہ نےکہا کہ وزیراعظم پاکستان نے گلگت بلتستان کا دورہ کر کے متاثرین کے مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے،متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
قمر زمان کائرہ نےکہا کہ انفراسٹرکچر خصوصی طور پر پلوں کی بحالی کے لئے وفاقی حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے،پورا پاکستان اس وقت سیلابی صورتحال کی وجہ سے ایک شدید مشکل کا شکار ہے،اس مشکل سے نکلنے کے لئے پوری قوم کو اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔
سید مہدی شاہ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے سلسلے میں وفاقی حکومت کی کوششیں خوش آئند ہیں، گلگت بلتستان گلیشیئر برسٹ اور فلیش فلڈنگ کی صورت میں موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہے، وزیراعظم پاکستان کے گلگت بلتستان کے دورے سے وہاں کے عوام کی بھرپور حوصلہ افزائی ہوئی ہے، سکردو میں دریا کے کٹاؤ کے نتیجے میں نقصانات کی روک تھام کے لئے اقدامات ضروری ہیں۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ وفاقی حکومت اس مسلئے کے حل کے لئے ہر ممکنہ تعاون کرے گی۔