اسلام آباد ۔ 28 نومبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت ٹیکسٹائل و صنعت و پیداوار عبد الر زاق داﺅد نے کہا ہے کہ انڈو نیشیا نے ترجیحی تجارتی معاہدے ( پی ٹی اے) کے تحت پاکستان کے 20آئٹمز کو مارکیٹ رسائی دینے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔ٹیکسٹائل کے شعبے کو بین الاقوامی نرخ کے مطابق بجلی دینا چاہتے ہیں،ملکی ضرورت پوری کرنے کے لئے کپاس کی 4ملین گھانٹھیں درآمد کرنی پڑیں گی،پاکستانی بر آمد کنندگان کو عالمی سطح پر مسابقتی عمل میں شامل کرنے کے لئے پیداواری لاگت کم کریں گے اور انہیں سستی توانائی فراہم کریں گے۔بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان میں سر مایہ کاری کے لئے آ رہی ہیں حکومت برآمدات بڑھانے اور پاکستانی مصنوعات کونئی منڈیوں تک رسائی دینے کے لئے پر عزم ہے، یورپ کے ساتھ جی ایس پی پلس جاری رہے گا، پاکستان کا تجارتی توازن بہتر ہو رہا ہے، وزارت تجارت نیشنل ٹیرف پالیسی کا مسودہ منظوری کے لئے کابینہ میں پیش کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کے مختلف شعبوں میں بہتری آ رہی ہے، ہمارے انڈو نیشیا کے ساتھ ترجیحی تجارتی معاہدہ (پی ٹی اے) ہے، انڈونیشیاءکے ساتھ تفصیلی گفتگو کے بعد انڈونیشیاءنے ہمیں 20 آئٹمز پر مارکیٹ رسائی دینے پر رضامندی ظاہر کر دی، جن میں زراعت کی مصنوعات، تمباکو، ٹیکسٹائل، دھاگہ شامل ہیں، جس سے دونوں ممالک کے مابین برآمدات بڑھیں گی۔