
اسلام آباد ۔ 21 ستمبر (اے پی پی) ترکی کی زمینی افواج کے کمانڈر جنرل صالح ذکی چولاک نے بدھ کو یہاں مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ سے ملاقات کی۔ مشیر برائے قومی سلامتی نے ترکی کے عوام کے ان کے ملک میں حالیہ کردار کو سراہا اور نیوکلیئر سپلائر گروپ کی ممبر شپ کے لئے پاکستان کی حمایت پر ترکی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ترک کمانڈر کو علاقائی امن اور استحکام کے فروغ کے لئے پاکستان کی کاوشوں سے آگاہ کیا جو کہ علاقائی ممالک کے پائیدار اقتصادی اور سماجی ترقی کے لئے بہت اہم ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے ترک کمانڈر کو کشمیر کے حوالے سے پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جس طریقے سے طاقت کا استعمال کر رہا ہے اس سے علاقائی استحکام متاثر ہوگا اور عالمی امن کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اس معاملے میں مداخلت کرنی چاہئے تاکہ صورتحال بے قابو نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا دیرینہ تنازعہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔