مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کی عالمی بینک کی پاکستان بارے رپورٹ کے اجراء کی تقریب سے خطاب

71

اسلام آباد ۔ 13 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ لوگوں کو صاف پانی کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، ملک میں غذائی کمی کے باعث نشوونما رکنے کے مسئلہ کو حل کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں، وزیراعظم کے صاف و سرسبز پاکستان، شجرکاری، ٹھوس اور مائع ویسٹ مینجمنٹ، ٹائلٹ کوریج اور پینے کے صاف پانی کے منصوبے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی سے متعلق ہیں۔ وہ منگل کو عالمی بینک کی پاکستان میں فراہمی آب، صفائی ستھرائی اور غربت کی صورتحال اور غذائی قلت کے شکار بچوں کی نشوونما کے بارے میں رپورٹ کے اجراءکے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق بچوں میں نشوونما کی کمی کی وجہ صرف غربت نہیں بلکہ ماحول بھی بالخصوص پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کی نشوونما پر اثر ڈالتا ہے۔ وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ صحت عامہ میں بہتری کیلئے ویسٹ مینجمنٹ مسائل کو حل کرنے کے سلسلہ میں ہارڈو ویئر و سافٹ ویئر دونوں جہتوں پر کام کر رہے ہیں، اس سلسلہ میں آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے۔