مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کی زیر صدارت کلین گرین پاکستان پراجیکٹ کے حوالہ سے اجلاس

66

اسلام آباد ۔ 5 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کی زیر صدارت کلین گرین پاکستان پراجیکٹ کے حوالہ سے ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی، کیپیٹل ڈویلپمینٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) ، میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلاآباد ( ایم سی آئی)، انوائرانمنٹ پروٹیکشن اتھارٹی (ای پی اے ) اور واٹر، سینیٹیشن اینڈ ہائی جین (واش) کے اعلیٰ افسران اور چیف ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ اسلام آباد شہر میں چلتی گاڑیوں سے کھلے عام کچہرا پھینکنے پر جلد پابندی عائد کی جائے گی اور پولیس افسران کو پورے اختیارات دیئے جائیں گے کہ چلتی گاڑیوں سے کچرا پھینکنے والوں کا چالان کیا جائے اور ایسے اقدامات کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایات کے مطابق اسلام آباد شہر میں آنے والے دنوں میں بھر پور شجرکاری کی جائے گی اور اس کے ساتھ صفائی مہم اور ٹھوس فضلے کو ٹھکانے لگانے، پلاسٹک شاپنگ بیگز پر پابندی اور لیکوئیڈ ویسٹ مینجمینٹ جیسے اقدامات اٹھائیں گے۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے وفد نے ملک امین اسلم کو خانپور اور سملی ڈیم کے آبی ذخائر سے آگاہ کیا اور مستقبل میں پانی کی رسد اور طلب کے مسائل سے نمٹنے کیلئے عوام الناس میں پانی کے محتاط استعمال کی آگاہی مہم، واٹر میٹر کی تنصیب اور دوسرے ضروری اقدامات کی تفصیلات بتائیں۔ ملک امین اسلم نے بتایا کے سالیڈ ویسٹ اور لیکوئیڈ ویسٹ مینجمنٹ کلین گرین پاکستان پراجیکٹ کے اہم عناصر ہیں اور اس کیلئے جدید طریقہ کار کا نفاذ کیا جائے گا جو عالمی معیار کے مطابق ہو گا۔ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران نے بتایا کہ موجودہ ہفتہ تمام کار سروس سٹیشن کو واٹر ری سائکلینگ پلانٹ لگانے کے احکامات جاری ہوں گے اور جو کار سروس سٹیشن پلانٹ لگانے سے انکار یا تاخیر کریں گے ان کو جرمانہ اور سیل کر دیا جائے گا۔