مشیر برائے وزیراعظم انجینئر امیر مقام کا اکادمی ادبیات پاکستان کے مختلف شعبوں کا دورہ

118
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوام کی فلاح و بہبود اور پاکستان کی ترقی کے گرد گھومتی ہے ، انجینئر امیر مقام
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوام کی فلاح و بہبود اور پاکستان کی ترقی کے گرد گھومتی ہے ، انجینئر امیر مقام

اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):مشیر برائے وزیراعظم سیاسی وعوامی امور ، قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن انجینئر امیر مقام نے اکادمی ادبیات پاکستان کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے اکادمی کے ’’ایوانِ اعزاز‘‘اور فیض احمد فیض آڈیٹوریم کا خصوصی دورہ کیا اور’’ایوان اعزاز‘‘میں موجود ملک کے معروف اہل قلم کی تصویروں اور تعارف کے کمپیوٹرائزڈ نظام میں گہری دلچسپی لی۔ انہوں نے ملک کے نامور تخلیق کاروں کے آرکائیو کے اس منصوبے کو ادیبوں اور نئی نسل کے لیے خوش آئندہ قرار دیا۔

اس موقع پر محترمہ فارینہ مظہروفاقی سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن بھی موجود تھیں۔انجینئر امیر مقام اورمحترمہ فارینہ مظہر وفاقی سیکرٹری ڈویژن نے چیئرمین اکادمی سے خصوصی میٹنگ کی۔ جس میں ادب کے فروغ اور ادیبوں کی فلاح و بہبود پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین اکادمی ڈاکٹر یوسف خشک نے انجینئر امیر مقام کو اکادمی کے رواں اور مستقبل کے منصوبوںاور اکادمی کی مجموعی کارکردگی پر مفصل بریفنگ دی۔

اس موقع پر انجینئر امیر مقام نے ڈاکٹر یوسف خشک کی سربراہی میں اکادمی کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ادب کے فروغ اور ادیبوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہماری حکومت بھر پور تعاون کرےگی۔ انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنے مشاہیر کی خدمات کو بھلا دیتی ہیں وہ ترقی نہیں کرسکتیں بہتر معاشرے کی تشکیل میں ہمارے ادیبوں کا کردار مثالی رہا ہے ۔ ہمارے ادیب ہی قوم کے مستقبل کے لیے نئی راہوں کا تعین کرتے ہیں ۔ قوم کی بہتر رہنمائی ہمارے ادیب ہی کر سکتے ہیں۔ اس لیے ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے ادیبوں کو وہ مقام اور عزت دیں جس کے وہ صحیح معنوںمیں حقدار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ اکادمی ادب کے فروغ اور ادیبوں کی فلاح و بہبود اور دوست ممالک کے ساتھ ادبی روابط کو اہمیت دے رہی ہے اور عملی صورت میں بھی اس پر گامزن ہے۔

انجینئر امیر مقام نے اکادمی میں قائم ’’اکادمی اسٹودیو‘‘کا بھی دورہ کیاجس میں ملک کے نامور تخلیق کاروں کے آڈیو ویڈیو انٹرویوز ریکارڈ کیے جاتے ہیں ، اُنہوں نے ’’اکادمی اسٹوڈیو‘‘میں ویڈیو پیغام ریکارڈ کرواتے ہوئے کہا کہ اداب کے فروغ اور نامور ادیبوں کی شخصیات وفن کو محفوظ کرنے کا یہ منصوبہ اہم قومی ادبی ورثہ ہے اور یہ کہ اس سے نئی نسل استفادہ کرے گی۔اس موقع پروفاقی سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن نےاپنی طرف سے بھرپور تعاؤن کا یقین دلایا اور تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا۔