اسلام آباد ۔ 25 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کے تناظر میں یہ قانون سازی کی جا رہی ہے، یہ پاکستان تحریک انصاف سمیت کسی سیاسی جماعت یا فرد واحد کا بل نہیں ہے بلکہ یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے، ہمیں اس حوالے سے اتفاق کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف بل کی تمام سیاسی جماعتوں نے حمایت کی ہے اس کے لئے ڈیڈ لائن قریب ہے، عاشورہ کے دن ہیں، اس ضرورت کو پورا کرنے کے لئے ایوان کا اجلاس جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان کی کمیٹی میں مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔ یہ پاکستان تحریک انصاف سمیت کسی سیاسی جماعت یا فرد واحد کا بل نہیں ہے بلکہ یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے، ہمیں اس حوالے سے اتفاق کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ پاکستان بھارتی لابی کے باعث گرے لسٹ میں گیا اور اب وہ پاکستان کو بلیک لسٹ میں ڈالنے کے لئے کوششیں کر رہا ہے، پاکستان کے بلیک لسٹ میں جانے سے ملک میں پابندیاں لگ سکتی ہیں، معاشی نقصان ہو سکتا، کورونا کے باعث بحالی کا سفر کھوٹہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری چوائس نہیں کہ ایف اے ٹی ایف کیا پوچھے یا نہ پوچھے، تاہم ہم متحد ہو کر یہ پیغام دے سکتے ہیں کہ ہم سیاست کے بجائے ریاست کے مفاد کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس ایوان میں حکومت کی اکثریت نہیں، اپوزیشن کی حمایت کے بغیر قومی سلامتی کا یہ معاملہ حل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس دو آپشن ہیں، ان بلوں کو مسترد کر کے ملک کے لئے مسائل پیدا کریں یا ایوان کے قواعد و ضوابط پر عمل کرتے ہوئے ان بلوں کو منظور کر لیں۔