اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد سے سری لنکن وزیر تجارت بندولا گنا وردھانا نے بدھ کو ملاقات کی۔ملاقات میں سری لنکا کے وزیر مملکت برائے تجارت تھاراکا بلا سوریا بھی موجود تھے۔وزارت تجارت کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق مشیر تجارت نے گزشتہ سال سری لنکا میں ہونے والی تجارتی کانفرنس پر اعتماد کا اظہار کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے تعلقات مزید مستحکم کرنے پر غور کیا گیا۔
فریقین نے کاروباری تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔سری لنکن وزیر تجارت نے بھی دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ سری لنکن وزیر نے بہترین مہمان نوازی اور نیک خواہشات پر مشیر تجارت کا شکریہ ادا کیا۔
سری لنکن وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ آئی سی ٹی، فارماسوٹیکلز، معدنیات اور ٹیکسٹائل کے شعبے میں تعاون بڑھائیں گے، تمام پوٹینشل سیکٹرز میں جوائنٹ وینچرز سمیت سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے تبادلہ کریں گے۔وفد نے وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر ٹیکسلا میوزیم اور ہری پور کا بھی دورہ کیا۔