مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا ترکی کے سفارتخانہ کا دورہ ،استنبول میں اتاترک ایئرپورٹ پر خودکش دھماکوں سے متعلق تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے

180

اسلام آباد ۔ یکم جولائی (اے پی پی) مشیر خارجہ سرتاج عزیز جمعہ کو یہاں ترکی کے سفارتخانہ گئے اور 29 جون کو استنبول میں اتاترک ایئرپورٹ پر خودکش دھماکوں سے متعلق تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے دہشت گرد حملہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین، حکومت اور ترک عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ انہوں نے حملہ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ہے۔ مشیر خارجہ نے خودکش حملوں میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ترک عوام کے عزم اور حوصلوں کو سلام کرتے ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ وہ اپنے عزم اور حوصلوں سے دہشت گردی کو شکست دینے میں کامیاب ہوں گے۔