اسلام آباد ۔ 3 اگست (اے پی پی) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہاکہ آج ہم ماضی کی نسبت زیادہ مستحکم ہیں، امریکہ ، یورپی یونین اور روس کے ساتھ مضبوط تعلقات کے قیام سمیت مسلمان ملکوں کے ساتھ تعلقات کو فروغ دیا گیا، وزیراعظم محمد نوازشریف کے مضبوط ،خودمختار اور خوشحال پاکستان اور پرامن ہمسائیگی کے نصب العین پرپوری تندہی سے عملدرآمد کیاگیا ۔یہ باتیں انہوں نے بدھ کو یہاں سفیروں کی تین روزہ کانفرنس کی اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔مشیر خارجہ نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری اور چین کے ساتھ تذویراتی شراکت دار ی، خارجہ پالیسی میں حکومت کی نمایاں کامیابیوں کی عکاس ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے امریکہ ، یورپی یونین اور روس کے ساتھ مضبوط تعلقات کے قیام سمیت مسلمان ملکوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو بھی فروغ دیاہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے کی نسبت پاکستان کے دنیا کے ملکوں کیساتھ رابطوں میں اضافہ ہو ا ہے۔مشیر خارجہ نے حکومت کی گزشتہ تین سالہ خارجہ پالیسی کے حوالے سے میڈیا کے ایک حصے میں جائزہ رپورٹ کو حقائق کے منافی قراردیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے امریکہ،یورپ اور روس کے ساتھ تعلقات کو فروغ ملا ہے ،اس طرح آج پاکستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے تعلقات بھی تیزی سے مستحکم ہو رہے ہیں ۔