مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی یورپین پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے خارجہ امور کے وفد سے بات چیت

93
APP40-18 ISLAMABAD: April 18 - Adviser to Prime Minister on Foreign Affairs, Sartaj Aziz in a group photo with members of European Parliament. APP

اسلام آباد ۔ 18 اپریل (اے پی پی) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان نے گزشتہ چار سال کے دوران جمہوری استحکام،انسداد دہشت گردی اور اقتصادی ترقی کے شعبوں میں نمایاں پیشرفت کی ہے۔یہ بات انہوں نے یورپین پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے خارجہ امور کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی،جنہوں نے منگل کو یہاں دفتر خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق 8ارکان پارلیمنٹ پر مشتمل یورپین وفد کی قیادت کمیٹی کے چیئر مین ڈیوڈ میک الیسٹر کر رہے ہیں۔مشیر خارجہ نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستان یورپین یونین تعلقات میں مجموعی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے پاکستان کی جانب سے گذشتہ چار سال کے دوران جمہوری استحکام،انسداد دہشت گردی اور اقتصادی ترقی میں نمایاں پیشرفت کو اجاگر کیا۔انہوں نے ارکان پارلیمنٹ کو خطے کی جغرافیائی ،سیاسی صورتحال کے بارے میں بریف کیا اور رابطوں کے ذریعے علاقائی استحکام و خوشحالی کو فروغ دینے کی غرض سے پاکستانی اقدامات کی وضاحت کی۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بھی اجاگر کیا۔دونوں فریقوں نے اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وفد 21اپریل تک پاکستان میں قیام کریگا اور وفد کے ارکان پشاور اور لاہور بھی جائیں گے۔