
اسلام آباد ۔ 15مئی (اے پی پی) وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں بجلی کی قلت پرقابو پانے کیلئے قومی گرڈ سے کے الیکٹرک کو 150 میگاواٹ اضافی بجلی کی فراہمی ، سابق فاٹا کے 7 قبائلی اضلاع کو رمضان المبارک میں اضافی بجلی کی فراہمی کیلئے ٹیسکو کو 1.8 ارب روپے کی زرتلافی فراہم کرنے اور مالی سال 2018-19 ءکیلئے 158.5 ارب روپے مالیت کی 5.15 ملین ٹن گندم کی خریداری کی تجویز کی منظوری دیدی ہے۔کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو یہاں وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ، محصولات واقتصادی امور ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف ڈویژنوں کی جانب سے تجاویزاورسفارشات پر بحث ومباحثہ ہوا۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں بجلی کی قلت پرقابوپانے کیلئے قومی گرڈ سے کے الیکٹرک کو 150 میگاواٹ اضافی بجلی کی فراہمی کی پاورڈویژن کی تجویز کی منظوری دی۔ سابق فاٹا کے 7 قبائلی اضلاع کو رمضان المبارک میں اضافی بجلی کی فراہمی کیلئے ٹرائیبل الیکٹرک سپلائی کمپنی (ٹیسکو) کو 1.8 ارب روپے کی زرتلافی فراہم کرنے کی منظوری دی۔ پاور ڈویژن کی جانب سے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ سابق قبائلی ایجنسیوں میں گھریلو صارفین کے بجلی بلوں کی ادائیگی کیلئے حکومت ہرماہ 1.3 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کررہی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سعودی فنڈ برائے ترقی گرانٹ کے تحت مختلف منصوبوں کی تعمیر پر ٹیکس کی چھوٹ دینے سے متعلق تعمیرنووبحالی اتھارٹی کی تجویز منظور کر لی۔ سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی وریسرچ نے کمیٹی کو ملک میں گندم کے موجودہ سٹاک کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ انہوں نے اجلاس کوبتایا کہ پنجاب میں گندم کی خریداری کا کام صوبائی حکومت اور پاسکو کی نگرانی میں احسن انداز میں جاری ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مالی سال 2018-19 ءکیلئے 158.5 ارب روپے مالیت کے 5.15 ملین ٹن گندم کی خریداری کی تجویز کی منظوری دی۔وزارت سمندی امورکی تجویز پر اقتصادی رابطہ کمیٹی نے غیرمنافع بخش فلاحی اداروں کی جانب سے ضرورت مندوں اورمستحقین کیلئے کام کرنے والے اداروں کیلئے چاول کے کنسائنمنٹس کو سٹوریج اخراجات سے مستثنیٰ قرار دینے کی تجویز کی منظوری بھی دی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مختلف وزارتوں اورڈویژنز کیلئے تکنیکی ضمنی اور ضمنی گرانٹس کی منظوری بھی دی۔