اسلام آباد ۔ 16 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات کی زیر صدارت معیشت کے مختلف شعبوں میں پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس ہوا جس میں اس بات سے اتفاق کیا گیا ہے کہ قومی معیشت کے تمام شعبے معاشی اور اقتصادی اہداف کے حصول کیلئے مل کر کام کریں گے، حکومت کرونا وائرس کے مضر اثرات سے عام آدمی کو بچانے کیلئے حتی الوسع کوشش کرے گی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر، وزیر توانائی عمر ایوب خان، چیئرپرسن ایف بی آر نوشین جاوید، وزیر برائے قومی غذائی تحفظ مخدوم خسرو بختیار،مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں شریک وزراءاور حکام نے اپنی متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کے تحت شروع کیے گئے بڑے منصوبوں و اقدامات پر پیش رفت، جاری مالی سال کیلئے مقرر کردہ اہداف اور اس ضمن میں کامیابیوں کا تفصیل سے ذکر کیا۔ اجلاس میں کرونا وائرس کی حالیہ وباءاور قومی معیشت پر اس کے اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وباءکے باوجود مقرر کردہ اہداف کے حصول کو ممکن بنانے کیلئے تمام تر کوششوں کو یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ معاشی اہداف کے حصول کیلئے معیشت کے تمام شعبے مل کر کام کریں گے۔ اجلاس میں اس بات سے بھی اتفاق کیا گیا کہ کرونا وائرس کی وباءکے مضر اثرات سے عام آدمی کو محفوظ رکھنے کیلئے حتی الوسع کوششوں کو یقینی بنایا جائے گا۔