مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف سے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کی ملاقات

59

اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف اور برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ جنگ زدہ افغانستان میں انسانی بحران اور معاشی تباہی سے بچنے کے لیے عالمی برادری کو کردار ادا کرنا چاہیے۔ جمعرات کو ایک ملاقات کے دوران انہوں نے تجارت اور سرمایہ کاری سمیت متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔

برطانوی ہائی کمشنر اور پاکستان کے مشیر قومی سلامتی نے سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کے علاوہ بنیادی ضروریات خاص طور پر صحت اور تعلیم کے شعبوں کے حوالے سے معاونت کے امکانات پر بات کی گئی۔ ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے لیے ضروری ہو گا کہ وہ افغانستان کے ساتھ بشمول ملک کی معیشت، تعمیر نو، بحالی اور انسانی ضروریات کو سپورٹ کرتے ہوئے تعمیری طور پر منسلک ہوں۔

برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے کہا کہ برطانیہ کی حکومت جنوبی ایشیا میں سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آنے والے سالوں میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنے کی خواہاں ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان کی پہلی قومی سلامتی پالیسی وضع کرنے کے حوالے سے ڈاکٹر معید یوسف کی کاوشوں کو سراہا۔