ماسکو۔1دسمبر (اے پی پی):قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف نے اپنے روسی ہم منصب نیکولائی پٹروشیف کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کئے ہیں ، فریقین نے پاک روس تعلقات اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ملاقات کے دوران معیشت ، توانائی ، دفاع ، انسداد دہشتگردی ، انسداد منشیات ، انفارمیشن اور سائبر سیکیورٹی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
فریقین نے افغانستان کی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور افغانستان میں پائیدار امن کے لئے ہر ممکن حمایت کا عزم کیا ۔ انہوں نے افغانستان میں انسانی المیہ کی صورتحال پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ صورتحال کو مزید خراب ہونے سے بچنے کے لئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے ۔ فریقین نے باہمی تعلقات پر اطمینان ظاہر کیا اور دوطرفہ اہمیت کے امور پر رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔