اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):مشینری کی مجموعی قومی درآمدات میں رواں مالی سال کے دوران 16.32 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی 2024 تا جنوری 2025 کے دوران مشینری کی درآمدات کا حجم 5.06 ارب ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی 2023 تا جنوری 2024 کے دوران مشینری کی ملکی درآمدات کا حجم 4.35 ارب ڈالر رہا تھا۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران مشینری کی قومی درآمدات میں 0.71 ارب ڈالر یعنی 16.32 فیصد کی بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے۔
جاری مالی سال کے دوران ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات میں 60.36 فیصد ، الیکٹریکل مشینری و آلات کی درآمدات میں 27.13 فیصد جبکہ تعمیراتی مشینری کی درآمدات میں 54 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔