اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):مشینری گروپ کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر53 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔
پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے مئی2023 تک کی مدت میں مشینری گروپ کی درآمدات پر4.17 ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 53 فیصدکم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مشینری گروپ کی درآمدات پر8.87 ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواتھا۔
مئی 2023 میں مشینری گروپ کی درآمدات کاحجم 296 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال مئی کے مقابلہ میں 63 فیصدکم ہے، گزشتہ سال مئی میں مشینری گروپ کی درآمدات کاحجم 801 ملین ڈالرریکارڈ کیا گیاتھا، اپریل کے مقابلہ میں مئی میں مشینری گروپ کی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر3 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔