مشینری گروپ کی درآمدات میں دس ماہ کے دوران 21.45 فیصد اضافہ

60
مشینری گروپ کی درآمدات میں دس ماہ کے دوران 21.45 فیصد اضافہ

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):مشینری گروپ کی درآمدات میں جاری مالی سال کے دوران گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 21.45 فیصدکی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔

پاکستان بیوروبرائے شماریات اورسٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی تا اپریل 2022 مشینری گروپ کی درآمدات کاحجم 8.063 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 21.45 فیصدزیادہ ہے،

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مشینری گروپ کی درآمدات پر6.638 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہواتھا، اپریل 2022 میں مشینری گروپ کی درآمدات کاحجم 844.78 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جومارچ میں 854.61 ملین ڈالراورگزشتہ سال اپریل میں 749.96 ملین ڈالر تھا۔

مالی سال 2021 میں مشینری گروپ کی درآمدات پر8.316 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہواتھا۔اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال میں ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدپر1.047 ارب ڈالر، الیکٹریکل مشینری1.48 ارب ڈالر، ٹیلی کام 1.94 ارب ڈالر، زرعی مشینری 105 ملین ڈالر، بجلی کی پیداواری مشینری 675.95 ملین ڈالر، آفس مشینری 371 ملین ڈالراورتعمیراتی مشینری کی درآمد پر100.71 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا۔