مصالحہ جات کی برآمدات میں 8 ماہ کے دوران 8.20 فیصد اضافہ ہوا، ادارہ برائے شماریات

89
Pakistan Bureau of Statistics.
Pakistan Bureau of Statistics.

اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران مصالحہ جات کی برآمدات میں 8.20 فیصد اضافہ ہواہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا فروری 21-2020 کے دوران برآمدات کا حجم 61.494 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائ تا فروری 20-2019 کے دوران مصالحوں کی برآمدات سے 56.836 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران مصالحہ جات کی قومی برآمدات میں 4.658 ملین ڈالر یعنی 8 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی بی ایس کے مطابق اس دوران بالحاظ وزن بھی مصالحہ جات کی برآمدات10.70 فیصد اضافہ سے 13 ہزار 754 میٹرک ٹن کے مقابلہ میں 15 ہزر 226 میٹر ٹن تک بڑھ گئیں۔

ادھر فروری 2020 کے مقابلہ میں فروری 2021 کے دوران مصالحہ جات کی برآمدات میں 9.70 فیصد اضافہ ہوا اور فروری 2020 کی 8.209 ملین ڈالر برآمدات کے مقابلہ میں برآمدات کی مالیت 9.005 ملن ڈالر تک بڑھ گئی۔ دوسری جانب جنوری 2021 کے مقابلہ میں فروری 2021 کے دوران مصالحہ جات کی ملکی برآمدات میں 18.34 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ جنوری 2021 کے دوران برآمدات کا حجم 11.027 ملین ڈالر رہا تھا تاہم فروری 2021 کے دوران مصالحہ جات کی قومی برآمدات 9.005 ملین ڈالر تک کم ہو گئیں