مصر، قطر اور ترکیہ کی غزہ میں اسرائیلی خلاف ورزیوں کی مذمت

"مصر، قطر اور ترکیہ نے غزہ میں اسرائیلی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔”

قاہرہ۔4اگست (اے پی پی):مصر، قطر اور ترکیہ نے غزہ میں اسرائیل کی مسلسل خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ سی جی ٹی این کے مطابق مصر، قطر اور ترکیہ نے گزشتہ روز جاری مشترکہ بیان میں زور دیا ہےکہ اسرائیل بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی تمام ذمہ داریوں پر عمل درآمد کرے اور جنگ بندی معاہدے کے تحت کیے گئے اپنے تمام وعدوں کو مکمل طور پر پورا کرے۔

بیان میں کہا گیا کہ غزہ میں اسرائیل کی مسلسل کارروائیاں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہیں، جن سے جنگ بندی کے دوسرے مرحلے پر عمل درآمد متاثر ہو رہا ہے اور کشیدگی میں کمی کی کوششوں کو بھی خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ شہریوں، طبی مراکز اور انسانی امداد سے وابستہ کارکنوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے جبکہ غزہ کی پٹی میں انسانی امداد اور طبی سامان کی بلا رکاوٹ فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔