قاہرہ ۔5جولائی (اے پی پی):مصر میں ٹرین کا ڈرائیور دوران ڈیوٹی اچانک انتقال کر گیا ۔العربیہ کے مطابق مصر میں ایک افسوس ناک واقعے میں شمالی صوبے البحیرہ میں ایک ٹرین ڈرائیور دورانِ ڈیوٹی اچانک انتقال کر گیا۔ٹرین کے اسسٹنٹ ڈرائیور کے مطابق ٹرین کے بدر اسٹیشن پر رکنے کے بعد اچانک ڈرائیور کو غشی کا دورہ پڑا اور وہ بے ہوش ہو گیا۔ اسے فوری طور پر بدر مرکزی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔
محکمہ پولیس البحیرہ کو ریلوے پولیس اسٹیشن کے انچارج کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ المناشی ٹرین کا ڈرائیور، جو ایتای البارود سے بشتيل جانے والی ٹرین چلا رہا تھا، راستے میں بدر کے التحریر اسٹیشن پر رکنے کے بعد وفات پا گیا۔حکام جب جائے وقوعہ پر پہنچے اور معائنہ کیا، تو معلوم ہوا کہ متوفی کی عمر 43 سال تھی، اور وہ مصر کی قومی ریلوے اتھارٹی کا باقاعدہ ڈرائیور تھا۔ متوفی جیزہ کے العجوزہ علاقے میں رہائش پذیر تھا۔