مصر میں پاکستان کے سفیر عامر شوکت کی قاہرہ میں نیشنل میڈیا اتھارٹی کے چیئرمین احمد المسلمانی سے ملاقات

10

قاہرہ۔20جون (اے پی پی):مصر میں پاکستان کے سفیر عامر شوکت نے قاہرہ میں نیشنل میڈیا اتھارٹی کے چیئرمین احمد المسلمانی سے ملاقات کی۔

پاکستانی سفارتخانہ کی ایکس پر پوسٹ کے مطابق سفیر عامرشوکت نے پاکستان اور مصر کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کو سراہا جو پاکستان اور مصر کے عوام کے مضبوط ثقافتی و ادبی رشتوں کو تقویت دیتے ہوئے مزید پروان چڑھ رہے ہیں۔

چیئرمین احمد المسلمانی نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے لئے مصری عوام کے دلوں میں احترام اور محبت کے جذبات کو اجاگر کیا۔ چیئرمین احمد المسلمانی نے علامہ اقبال کے فلسفے کی بھرپور تعریف کی جو دلوں اور جذبات کو متاثر کرتا ہے۔

ملاقات میں پاکستان اور مصر کے درمیان ثقافتی تعاون کے معاہدہ کے تحت میڈیا تعاون کے موجودہ میکانزم کو دوبارہ متحرک کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

موجودہ ثقافتی اور میڈیا تعاون کو مستحکم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا اور ساتھ ہی ساتھ مشترکہ پروڈکشن کی راہیں تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا جس کا مقصد دونوں ممالک کے برادر لوگوں کو مزید قریب لانا ہے۔