مصر نے رفح کراسنگ کھولنے پر رضامندی ظاہر کر دی، 20 ٹرک امداد کی پہلی کھیپ لے کر کل جمعہ تک غزہ پہنچ سکیں گے

140
مصر

قاہرہ ۔19اکتوبر (اے پی پی):مصر نے غزہ میں اسرائیلی بمباری سے متاثرہ فلسطینیوں کے لئے امداد لے کر جانے والے 20 ٹرکوں کے لئے رفح کراسنگ کھولنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق مصر کے صدارتی ترجمان احمد فہمی نے ایک بیان میں کہا کہ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور امریکی صدر جو بائیڈن نے رفح ٹرمینل کے ذریعے غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کی پائیدار فراہمی پر اتفاق کیا ہے۔امریکی صدر جو بائیڈن نے اس سے قبل غزہ کراسنگ کھولنے کا اعلان کیا تھا اور اب مصر نے اس کی تصدیق کی ہے کہ غزہ کی پٹی تک انسانی امداد رفح کراسنگ سے گزرے گی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت کے بعد ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ یہ امداد دونوں ممالک کے متعلقہ حکام امریکا کی نگرانی میں بین الاقوامی انسانی حقوق کے گروپوں کے ساتھ تعاون سے فراہم کریں گے۔امریکی صدر جو بائیڈن نے سڑکوں کی مرمت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امداد کی یہ کھیپ لے جانے والے ٹرک ممکنہ طور پر جمعہ تک سرحد عبور نہیں کر سکیں گے۔انھوں نے بتایا کہ اس وقت رفح کراسنگ سے غزہ کو جانے والی سڑک کی مرمت کی جارہی ہے اور اس پر بمباری سے پڑنے والےگڑھوں کو بھرا جا رہا ہے اور شاید یہ جمعہ تک اس سڑک کو سفر کے قابل بنانا ممکن ہو۔

انھوں نے مزید کہا کہ 20 ٹرک پہلے مرحلے میں جائیں گے تاہم مجموعی طور پر 150 یا اس سے زیادہ ٹرکوں امدادی سامان لےکر غزہ جانے کی توقع ہے تاہم مزید ٹرکوں کوغزہ جانے کی اجازت اس پر منحصر ہے کہ امداد کی فراہمی کا پہلا مرحلہ کیسا رہتا ہے۔واضح رہے کہ رفح کراسنگ غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع ہے۔ یہ غزہ کی پٹی کو مصر کے صحرائے سینا سے ملاتی ہے۔اس کے علاوہ غزہ کی پٹی میں دو اور سرحدی گزرگاہیں ایریز اور کریم شالوم شمالی غزہ کو اسرائیل سے ملاتی ہیں تاہم اسرائیل نے ان کو تاحکم ثانی بند کر رکھا ہے۔