18.2 C
Islamabad
جمعرات, مارچ 27, 2025
ہومتجارتی خبریںمصر کے سفیر کا تجارتی اور کاروباری تعلقات کے فروغ کے لئے...

مصر کے سفیر کا تجارتی اور کاروباری تعلقات کے فروغ کے لئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

- Advertisement -

اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):پاکستان میں مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب محمد عبد الحامد حسن نے پیر کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا دورہ کیا اور صدر ناصر منصور قریشی سے ایک نتیجہ خیز ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تجارت کو بڑھانے اور مصر اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

آئی سی سی آئی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بات چیت کے دوران دونوں اطراف نے ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، زراعت اور تعمیراتی مواد جیسے اہم شعبوں میں تجارت کو فروغ دینے کے مواقع تلاش کئے۔ صدر ناصر منصور قریشی نے تجارتی امکانات کو بڑھانے کے لئے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان کاروباری روابط کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

- Advertisement -

مصری سفیر نے مصر کی بڑھتی ہوئی مارکیٹ پر روشنی ڈالی اور پاکستانی کاروباری اداروں کو توانائی، سیاحت اور انفراسٹرکچر جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے آئی سی سی آئی کو مضبوط تجارتی تعلقات اور تجارتی وفود کے تبادلے میں سہولت فراہم کرنے میں مصری سفارت خانے کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

صدر ناصر منصور قریشی نے شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے آئی سی سی آئی کے عزم کا اظہار کیا جو سرمایہ کاری اور باہمی ترقی کے لیے نئی راہیں پیدا کرے گی۔ دونوں فریقوں نے مشترکہ تقریبات منعقد کرنے پر اتفاق کیا جن میں تجارتی میلے اور بزنس فورمز شامل ہیں تاکہ دونوں ممالک کے تاجروں کو آپس میں ملایا جا سکے۔

فریقین نےتعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ شرکاء میں سفارتخانہ کے پولیٹیکل آفیسر احمد ایس زوئیل، آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عبدالرحمٰن صدیقی، نائب صدر ناصر محمود چوہدری اور سیکرٹری جنرل غلام مرتضیٰ شامل تھے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575903

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں