مصنوعات کی فوری ترسیل اور زیادہ سے زیادہ مال گاڑیاں چلانے کیے لئے نئے ریلوے انجنوں کی خریداری یقینی بنائی جائے، صدر فیصل آباد چیمبر

118
Faisalabad Chamber of Commerce and Industry
Faisalabad Chamber of Commerce and Industry

فیصل آباد۔12دسمبر (اے پی پی):ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے صدرڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ صنعتی،تجارتی،کاروباری،برآمدی،درآمدی مصنوعات کی فوری ترسیل اور زیادہ سے زیادہ مال گاڑیاں چلانے کیلئے نئے ریلوے انجنوں کی خریداری یقینی بنائی جائے اور پاکستان ریلوے کی ملکیتی اربوں کھربوں روپے کی پراپرٹی قبضہ مافیا سے واگزار کروا کر سیل آؤٹ کرکے اس کے وسائل میں اضافہ کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں تاکہ دنیا کے بہترین ریلوے لائن نیٹ ورک کی حامل پاکستان ریلوے سے بھر پور استفادہ ممکن ہو سکے۔

کاروباری شخصیات کے وفد سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ ریلوے کی بحالی کیلئے بروقت اقدامات کرکے صنعتی، تجارتی، کاروباری افراد کیلئے سہولیات پیداکرنے سمیت ادارے کی آمدنی بھی بڑھائی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ بعض مقامات پر ریلوے کے ذریعے مسافروں کے بغیر ٹکٹ سفر کرنے کی شکایات بھی عام ہو رہی ہیں جبکہ ریلوے سٹیشنز اور ٹرینوں میں کھانے پینے کی اشیامہنگے داموں فروخت کرکے مسافروں کو بھاری مالی نقصان پہنچایا جارہاہے۔

انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیر ریلوے کی جانب سے کئے گئے اقدامات حوصلہ افزا ہیں تاہم ان میں بھی مزید بہتری کی گنجائش موجودہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر ریلوے سے اپیل کی کہ وہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرکے ایسے اقدامات یقینی بنائیں جن سے کاروباری، تجارتی و صنعتی برادری کیلئے ریل کے ذریعے مال کی ترسیل میں آسانیاں پیداہوسکیں۔