مصنوعی ذہانت کے استعمال سے مریضوں کو بہتردوائی تجویز کی جاسکتی ہے، ڈاکٹر محمد علی

97

لاہور۔29اکتوبر (اے پی پی):وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر محمد علی نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے استعمال سے مریضوں کی جین کی ترتیب کے مطابق بہتر ادویات تجویز کرنے میں مدد مل سکتی ہے اور متعلقہ شعبوں میں ہونے والی ترقی کے باعث ہمیں طبی علاج کے روایتی طریقوں سے انحراف کرناہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کالج آف ارتھ اینڈ اینوائرمینٹل سائنسز اور پاکستان ایسوسی ایشن فار ایڈوانسمنٹ آف سائنسز کے زیر اہتمام مصنوعی ذہانت کاعوامی صحت اور ادویات میں کردارکے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پرنسپل کالج آف ارتھ اینڈ اینوائرمینٹل سائنسزپروفیسر ڈاکٹر ساجد رشیداحمد، پاکستان ایسوسی ایشن فار ایڈوانسمنٹ آف سائنس کے صدر ڈاکٹر ارشد، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سلیم، فیکلٹی ممبران اورطلبا طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اپنے خطاب میں پروفیسرڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ انسان جنیاتی طور پر ایک دوسرے سے مختلف ہے تو دوائی بھی مختلف ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ میں ہر ایک کا جینٹک پروفائل موجود ہوتاہے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت زندگی کے تمام شعبوں میں کردار ادا کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب یہ پیش گوئی ممکن ہے کہ کونسی بیماری 40 سال بعد لگ سکتی ہے اور اس سے کیسے بچا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی صورت بچوں کو خود سے دوائی تجویز نہیں کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب متحد ہو کر پنجاب یونیورسٹی کی عظمت رفتہ کو بحال کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر ارشد انسان دوست ہیں اور ان کی اعلی تعلیم کیلئے قابل قدر خدمات ہیں۔ پروفیسرڈاکٹر ساجد رشید نے کہا کہ پاکستان میں اینوائرمینٹل سائنسز کی تعلیم میں ہم پہلے نمبرپرہیں، پنجاب یونیورسٹی کالج آف ارتھ اینڈ اینوائرمینٹل سائنسز دنیا کے بہترین 450-500 اداروں میں شامل ہے، ریسرچ، ٹیچنگ اور طلبا کی قابلیت کے باعث بہترین رینکنگ کا ہدف حاصل کیا۔انہوں نے کہا کہ کالج نے 115 پی ایچ ڈی پیدا کئے ہیں، اپلائیڈ ریسرچ میں فیکلٹی نے متعدد ریسرچ پراجیکٹس جیتے ہیں، اینوائرمنٹ ڈیپارٹمنٹ سے واحد تسلیم شدہ لیبارٹری ہمارے پاس ہے۔ پاکستان ایسوسی ایشن فار ایڈوانسمنٹ آف سائنس کے صدر ڈاکٹر محمد ارشد نے کہا کہ معاشرے میں سچائی اور دیانتداری کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، طلبا کو تعلیم کے ساتھ تربیت دینے کی بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی کی سرپرستی میں پنجاب یونیورسٹی کی بھرپور ترقی کا یقین ہے۔