مصنوعی ذہانت کے ذریعے امریکی وزیر خارجہ کی آواز میں سرکاری کالوں کا انکشاف

64

واشنگٹن ۔10جولائی (اے پی پی):امریکا کی وزارتِ خارجہ کی ایک برقی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایک شخص نے مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کردہ آواز کا استعمال کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی شخصیت کا جھوٹا روپ دھارا۔ رائٹرز کے مطابق مذکورہ شخص نے آواز کا استعمال کرتے ہوئے تین وزرائے خارجہ اور بعض امریکی سیاست دانوں سے رابطہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق، جون کے وسط میں اس شخص نے مذکورہ وزرا، ایک ریاست کے گورنر اور کانگریس کے ایک رکن سے "سگنل” نامی پیغام رسانی ایپ کے ذریعے رابطہ کیا۔ دو مواقع پر صوتی پیغامات چھوڑے گئے، جبکہ تیسرے موقع پر ایک تحریری پیغام بھیجا گیا جس میں ہدف بنائے گئے شخص کو سگنل پر رابطے کی دعوت دی گئی۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ممکنہ طور پر اس کارروائی کا مقصد ہدف بنائے گئے افراد کو مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ صوتی و تحریری پیغامات کے ذریعے دھوکا دینا تھا، تاکہ معلومات یا اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کی جا سکے۔

وزارتِ خارجہ کی یہ برقی رپورٹ، جو 3 جولائی کو جاری کی گئی، تمام سفارتی اور قونصل خانوں کے دفاتر کو بھیجی گئی۔ اس میں تجویز دی گئی ہے کہ عملہ بیرونی شراکت داروں کو جعلی اکاؤنٹس اور شخصیت کے جھوٹے روپ سے خبردار کرے۔رپورٹ میں اس سے قبل اپریل میں ہونے والی ایک اور کوشش کا بھی ذکر کیا گیا، جس کا تعلق ایک روسی ہیکر سے جوڑا گیا۔

اس نے مشرقی یورپ کے محققین، کارکنان، مخالفین اور امریکی وزارت خارجہ کے سابق اہل کاروں کو ہدف بناتے ہوئے ایک مخصوص ای – فشنگ مہم چلائی تھی۔اس مہم میں ہیکر نے ایک جعلی ای میل ایڈریس استعمال کیا جس میں "@state.gov” کا پتہ تھا، جو امریکی وزارت خارجہ سے منسوب ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں وزارت کے دفترِ کی استعمال شدہ علامات اور لوگو بھی شامل کیے گئے۔اسی مہم کے تحت ہیکر نے وزارت خارجہ کے ایک اہل کار کی شناخت چراتے ہوئے ذاتی "جی میل” اکاؤنٹس پر پیغامات ارسال کئے گئے ۔