ریاض۔12فروری (اے پی پی):سعودی عرب مصنوعی ذہانت کی محفوظ استعمال کے حوالے سے عالمی سطح پر 11 ویں اور عرب خطے میں پہلےنمبر پر آ گیا ۔اردو نیوز کے مطابق یہ درجہ بندی عالمی مصنوعی ذہانت کی سلامتی انڈیکس (GAISI )نےجاری کی ہے جو پیرس میں منعقد مصنوعی ذہانت ایکشن سمٹ کا حصہ ہے جس میں مختلف ممالک کے نمائندے شریک ہیں۔سعودی ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت اتھارٹی سدایانے سمٹ میں شرکت کی اور مصنوعی ذہانت کے محفوظ استعمال سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کی ۔
یہ عالمی انڈیکس بین الاقوامی مرکز برائے اخلاقیات و حکمرانی برائے مصنوعی ذہانت اور چینی انسٹی ٹیوٹ برائے سلامتی و حکمرانی کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے جو ممالک کی مصنوعی ذہانت کے محفوظ استعمال کے لیے پالیسیوں کے نفاذ میں مہارت کا جائزہ لیتا ہے۔یہ کامیابی نہ صرف مصنوعی ذہانت کے محفوظ اور موثر استعمال میں سعودی عرب کی قیادت کو ظاہر کرتی ہے بلکہ یہ وژن 2030 اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور ٹیکنالوجیکل انوویشن کی عالمی حکمت عملی کے ساتھ سعودی عرب کے عزم کا بھی مظہر ہے۔