کراچی۔ 03 مارچ (اے پی پی):وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں،رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو قابو میں رکھا جائے۔جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کے کنٹرول سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس وزیراعلی ہائوس میں منعقد ہوا، صوبے بھر میں قیمتوں کے تعین کے لیے سخت ہدایات جاری کیں۔وزیراعلیٰ نے حکام کو یاد دلایا کہ 2022 کا انسداد منافع خوری قانون حکومت کو اختیار دیتا ہے کہ وہ ذخیرہ شدہ اشیاء کو ضبط کرکے نیلام کرے تاکہ مارکیٹ میں ہیرا پھیری کو روکا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ میں انتظامیہ کو ہدایت دوں گا کہ ذخیرہ شدہ اشیاء کو ضبط کریں اور قانون کے تحت ان کی نیلامی یقینی بنائیں۔اجلاس میں صوبائی وزراء شرجیل میمن، ناصر شاہ، ضیاء الحسن لنجار، بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز کے خصوصی معاون عثمان غنی ہنگورو، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، آئی جی پی غلام نبی میمن، سیکرٹری زراعت سہیل قریشی اور بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز کے ڈی جی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔حیدرآباد، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، سکھر اور لاڑکانہ کے کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے بھر میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے زور دیا کہ مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے حکام کو یاد دلایا کہ 2022 کا انسداد منافع خوری قانون حکومت کو اختیار دیتا ہے کہ وہ ذخیرہ شدہ اشیاء کو ضبط کرکے نیلام کرے تاکہ مارکیٹ میں ہیرا پھیری کو روکا جا سکے۔کمشنر کراچی نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ شہر میں 250 سے زائد "بچت بازار” شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ ان بازاروں کو منظم اور مؤثر طریقے سے چلایا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور ٹریفک کے مسائل پیدا نہ ہوں۔مرادعلی شاہ نے ڈویژنل کمشنرز کے ذریعے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ قیمتوں کی نگرانی اور غیرضروری مہنگائی کو روکنے کےلیے باقاعدگی سے بازاروں کا دورہ کریں۔
انہوں نے حکم دیا کہ قیمتوں کی فہرستیں فوری طور پر چھاپ کر تقسیم کی جائیں اور رمضان بھر قیمتوں پر عملدرآمد کی سخت نگرانی کی جائے۔مزید برآں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بڑے ریٹیل اسٹورز کو مناسب قیمتیں برقرار رکھنے کا پابند بنایا جائے۔گیس کی قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے رمضان کے دوران گیس، بجلی اور پانی کی بلا تعطل فراہمی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو ہدایت دی کہ شہر میں پانی کی مناسب فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ وزیر توانائی ناصر شاہ کو بجلی کی لوڈشیڈنگ روکنے کےلیے فوری طور پر پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (حیسکو، سیپکو اور کے الیکٹرک) سے رابطہ کرنے کی ہدایت دی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کو گرانی سے بچایا جائے گا اور کراچی سمیت سندھ بھر کے عوام کے لیے رمضان کو پرسکون بنایا جائے گا۔ایک اور اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے وزیر ایکسائز مکیش چاولہ کو ہدایت دی کہ وہ شہر میں چلنے والی نان کسٹم پیڈ اور ٹیمپرڈ چیسیز نمبر والی گاڑیوں کو ضبط کرنے کا عمل شروع کریں۔
وزیر ایکسائز مکیش چاولہ نے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ ان کے محکمہ نے پہلے ہی چار گاڑیاں ضبط کر لی ہیں جو شہر میں کسٹمز افسران کے زیر استعمال تھیں۔ان گاڑیوں کی نمبر پلیٹس درست نہیں تھیں اور ان کے چیسیز نمبرز میں بھی ردوبدل کیا گیا تھا۔وزیراعلیٰ نے ایکسائز پولیس اور ضلعی پولیس کو واضح ہدایات جاری کیں کہ ایسی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کریں، انہیں ضبط کریں اور اس حوالے سے انہیں رپورٹ پیش کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=568251