مظفرآباد میں سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ریسکیو 1122 کے زیر اہتمام 8 اکتوبر 2005 کے زلزلے کی یاد میں فلیگ مارچ اورآگہی واک

مظفرآباد میں سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ریسکیو 1122 کے زیر اہتمام 8 اکتوبر 2005 کے زلزلے کی یاد میں فلیگ مارچ اورآگہی واک

مظفر آباد۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے)اور ریسکیو 1122 کے زیر اہتمام 8 اکتوبر 2005 کے تباہ کن زلزلے کی یاد اور عوام میں آفات سے بچاؤ، پیشگی تیاری اور حفاظتی اقدامات کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے ڈیزاسٹر ریزیلینس آگاہی واک، سیمینار اور فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔

واک میں ممبر قانون سازاسمبلی محترمہ نورین عارف،میئرمیونسپل کارپوریشن سکندر نثار گیلانی،ڈائریکٹرجنرل (ایس ڈی ایم اے)سعیدقریشی،اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد حماد بشیر،سیکرٹری ریڈکریسنٹ سٹیٹ برانچ گلزارفاطمہ، ڈائریکٹر ایڈمن (ایس ڈی ایم اے) نعمان شفیق،ڈائریکٹر آپریشنز (ایس ڈی ایم اے) معظم ظفر(ایس ڈی ایم اے)، ریسکیو 1122، پاکستان ہلال احمر (پی آرسی ایس)، اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی )، مسلم ہینڈز، اسلامک ریلیف پاکستان اور المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے اہلکاران، گرلز گائیڈز، بوائز سکاؤٹس، کشمیر فاریسٹ سکول کے زیرِ تربیت افسران و اہلکاروں، انسٹیٹیوٹ آف جیالوجی جامعہ آزاد جموں و کشمیر، سول ڈیفنس کے رضاکاروں، سول سوسائٹی، طلباء و طالبات، شہری رضاکاروں اور میڈیا نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔

شرکا نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر قدرتی آفات سے بچاؤ اور حفاظتی تدابیر سے متعلق آگاہی پیغامات درج تھے۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ 8 اکتوبر 2005 کا زلزلہ آزاد کشمیر کی تاریخ کا ایک انتہائی المناک سانحہ ہے جس نے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچایا۔ اس سانحے کی یاد ہمیں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری، مؤثر منصوبہ بندی اور عوامی آگاہی کی اہمیت کا احساس دلاتی ہے مقررین نے کہا کہ قدرتی آفات کو روکا نہیں جا سکتا تاہم بروقت تیاری، احتیاطی تدابیر، جدید ریسکیو نظام اور عوامی شعور کے ذریعے نقصانات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ زلزلے اور دیگر قدرتی آفات کے دوران حفاظتی اصولوں پر عمل کریں اور ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر مکمل تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ 8 اکتوبر کا دن ہمیں ان تمام افراد کی قربانیوں کو یاد کرنے اور مستقبل میں کسی بھی قدرتی آفت سے بہتر انداز میں نمٹنے کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔

آگاہی واک اور سیمینار کے اختتام پر (ایس ڈی ایم اے) اور ریسکیو 1122 کے زیر اہتمام فلیگ مارچ کیا گیا۔ فلیگ مارچ میں ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز، فائر وہیکلز اور ریسکیو گاڑیوں کے علاوہ سول ڈیفنس کے رضاکاروں، بوائز سکاؤٹس، گرلز گائیڈز، کشمیر فاریسٹ سکول کے زیرِ تربیت افسران و اہلکاروں اور مختلف فلاحی و شراکت دار اداروں کے نمائندگان نے قومی پرچم اور ایس ڈی ایم اے کے جھنڈوں کے ساتھ شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر شہدائے زلزلہ 2005 کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی گئی۔