مظفرگڑھ۔ 19 جنوری (اے پی پی):شدید دھند کے باعث 4 موٹرسائیکل سوار نوجوان نہر میں گر گئے۔ریسکیو کنٹرول روم مظفرگڑھ کے مطابق مظفرگڑھ شہر کے علاقے نواب ٹاون میں گنیش واہ نہر کے پل کے قریب بستی بوہڑ والا علی پور روڈ پی ایس او پٹرول پمپ کے نزدیک رہنے والے 4 موٹرسائیکل سوار نوجوان 20 سالہ خاور ولد اللہ ڈتہ،23 سالہ شاہزیب ولد اختر حسین،20 سالہ نعمان ولد پرویز اور 20 سالہ مجتبیٰ ا ولد مظہر شدید دھند کے باعث نہر میں گر گئے۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو کنٹرول روم مظفرگڑھ نے فوراً قریبی پوائنٹ سے دو ایمبولینسز اور ریسکیو اسٹیشن مظفرگڑھ سے ایک ریسکیو وہیکل کو جائے حادثہ پر روانہ کروا دیا اور پولیس کنٹرول کو بھی انفارم کر دیا۔ریسکیو سٹاف نے جائے حادثہ پر پہنچ کر چاروں افراد کونہر سے باہر نکالا اور فوراً ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفرگڑھ منتقل کر دیا ہے۔