مظفرگڑھ۔ 06 فروری (اے پی پی):پولیس نے اندھے قتل اور ڈکیتی کی واردات کا سراغ لگا کر ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان نے واردات میں ماموں کو قتل کرکے ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی تھی۔پولیس ترجمان کے مطابق کوٹ ادو کے تھانہ سنانواں پولیس نے اندھے قتل اور ڈکیتی کی واردات میں اہم پیشرفت کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
ڈی ایس پی سنانواں محمد اکبر کے مطابق مقتول علی حسین کو قتل کرنے والے کوئی اور نہیں اس کے اپنے بھانجے نکلے۔ جنہوں نے بیدردی سے اپنے ماموں کا قتل کیا اور قتل کی واردات کو ڈکیتی کی واردات کا رنگ دینے کی کوشش کی اور 17 لاکھ روپے لے کر فرار ہوگئے تھے۔پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بزرگ کے قاتلوں کا سراغ لگا کر ڈکیتی شدہ 17لاکھ روپے کی رقم بھی برآمد کرلی۔
ڈی پی او مظفرگڑھ کے حکم پر پر ایس ایچ او تھانہ سنانواں عدنان شہزاد اور پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ وارانہ مہارت کے ذریعے چار ملزمان کو گرفتار کرکے 17لاکھ روپے کی لوٹی گئی رقم بھی برآمد کرلی ہے۔ ڈی پی او ڈاکٹر رضوان کی ہدایت پر ڈی ایس پی سنانواں محمد اکبر اور ایس ایچ او تھانہ سنانواں عدنان شہزاد نے قتل اور ڈکیتی کی واردات کو بے نقاب کیا ہے۔