مظفرگڑھ ،محکمہ مال اور پولیس نے پانچ ہزار ایکڑ سرکاری اراضی واگزار کرا لی

96
Punjab Land Records Authority

مظفرگڑھ۔ 31 اکتوبر (اے پی پی):مظفرگڑھ میں اسسٹنٹ کمشنرچوبارہ ثناء اللہ ہنجرا کی قیادت میں محکمہ مال اور پولیس نے پانچ ہزار ایکڑ سرکاری اراضی واگزار کرا لی۔ سرکاری رقبے کی واگزاری کے لئے آپریشن کے دوران ٹنڈن ابراہیم میں ریونیو افسران،پولیس اور مبینہ قابضین میں صورتحال کشیدہ ہو گئی ،مبینہ قابضین نے پولیس ملازمین اور سرکاری گاڑیوں پر پتھراؤ شروع کر دیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ سرکاری رقبوں کو ہر صورت واگزار کرائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ 12 ہزار ایکڑ میں سے 5 ہزار ایکڑ کو واگزار کرا لیا گیا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق 6 ارب روپے مالیت کی 951 لاٹوں پر قابضین نے زمین 5 سالہ عارضی پٹہ پر لی تھی،اب تاوان دینے سے بھی انکاری ہو گئے ہیں۔اس لئے واگزاری کے آپریشن میں 4 ہزار سے زائد قابضین کے پختہ مکانات اور ٹیوب ویلز کو اکھاڑا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کار سرکارمیں مداخلت کرنے اور قبضہ نہ چھوڑنے والوں کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہوں گے۔

دوسری جانب زرعی اراضی پر موجود مبینہ قابضین نے واگزاری آپریشن کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے آپریشن روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 100 سال سے یہاں پر موجود ہیں۔ بڑی محنت سے بنجر اور غیر آباد رقبوں کو قابل کاشت بنایا ہے اب ان کے گھروں کو مسمار کیا جا رہا ہے۔