مظفرگڑھ ،ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت بورڈ آف ریونیو کی آڈٹ ٹیم کے ساتھ اجلاس

80
ڈپٹی کمشنر قراۃالعین میمن

مظفرگڑھ۔ 22 اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر قراۃالعین میمن کی زیر صدارت بورڈ آف ریونیو پنجاب کی آڈٹ ٹیم کے ساتھ اجلاس ہوا، اجلاس میں ضلع مظفرگڑھ میں ریونیو ریکارڈ، لینڈ ریفارمز، اور آڈٹ سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر قراۃالعین میمن نے آڈٹ ٹیم کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریونیو معاملات میں شفافیت اور بہتری کےلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے آڈٹ ٹیم سے مکمل تعاون کریں گے اور درکار ریکارڈ فوری طور پر فراہم کیا جائے گا۔

بورڈ آف ریونیو کی ٹیم نے انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور آئندہ تعاون کے لیے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ قراۃ العین کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ مارکیٹوں میں اشیاء کی قیمتوں کی کڑی نگرانی کریں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ دکانوں پر ریٹ لسٹ آویزاں کرنا یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنی ذمہ داریاں پوری لگن اور محنت سے ادا کریں تاکہ عام آدمی کو روزمرہ کی اشیاء مناسب قیمتوں پر دستیاب ہوں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر یوسف چھینہ، اسسٹنٹ کمشنرز عرفان ہنجرا اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ان ہدایات پر سختی سے عمل کریں گے اور ضلع میں قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔