مظفرآباد۔17جنوری (اے پی پی):قومی ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ (NDRMF) کے زیر اہتمام آزاد جموں و کشمیر کے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات (P&DD) اور سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (SDMA) کے 30 افسران کے لیے نیچرل کیٹاسٹروفک اینالیٹکس (NATCAT) ماڈل پر ایک جامع تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تربیت قدرتی آفات کے خطرات سے نمٹنے، تیاری کو مضبوط بنانے اور متاثرہ کمیونٹیز کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فراہم کی گئی۔اس تربیتی پروگرام کا مقصد افسران کو قدرتی آفات کے خطرات سے آگاہی فراہم کرنا اور ان کی صلاحیتوں کو جدید ٹیکنالوجی اور جدید طریقوں سے لیس کرنا تھا تاکہ وہ ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن (DRR) کی حکمت عملیوں کو مؤثر طریقے سے نافذ کر سکیں۔
پروگرام کے دوران تربیت کے متعدد اہم پہلوؤں پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی، افسران کو قدرتی آفات کے مختلف اقسام جیسے زلزلے، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور طوفانوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا، ان آفات کی پیشگوئی، ان کے اثرات اور ان سے نمٹنے کی تدابیر پر گفتگو کی گئی،تربیت کے دوران، افسران کو جدید ٹیکنالوجیز اور طریقوں سے روشناس کرایا گیا تاکہ وہ ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن کی حکمت عملیوں کو بہتر طریقے سے نافذ کر سکیں،اس میں خطرات کا تجزیہ کرنے کے لیے جدید سسٹمز اور ٹولز کا استعمال شامل تھا۔ایک اور اہم موضوع اداروں کے درمیان ہم آہنگی کا تھا تاکہ قدرتی آفات کے دوران فوری ردعمل اور بحالی کے عمل میں تیز اور مؤثر تعاون کو یقینی بنایا جا سکے،مختلف اداروں کی جانب سے مشترکہ حکمت عملیوں اور ردعمل کے طریقوں پر تربیت دی گئی تاکہ ان کی کارکردگی میں بہتری آ سکے۔
NDRMF کا یہ اقدام آزاد جموں و کشمیر میں قدرتی آفات کے خطرات سے نمٹنے اور عوامی حفاظت کو بڑھانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ یہ تربیتی پروگرام نہ صرف قدرتی آفات کے خلاف تیاری اور ردعمل کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے بلکہ ایک پائیدار ترقی کے لیے ایک مضبوط بنیاد بھی فراہم کرتا ہے،اس پروگرام کا مقصد لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانا اور قدرتی آفات سے متاثرہ کمیونٹیز کی بحالی کے عمل کو تیز کرنا ہے۔