مظفرگڑھ۔12 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر میاں عثمان علی کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم اور حفاظتی ٹیکہ جات کی کارکردگی کے سلسلے میں محکمہ صحت اور متعلقہ محکموں کے افسران کے ساتھ ایک اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال 2023 میں پاکستان بھر میں 6 پولیو کے کیس سامنے آئے جبکہ مظفرگڑھ سمیت صوبہ پنجاب میں پولیو کا کوئی کیس رجسٹرڈ نہیں ہوا۔
ڈپٹی کمشنر میاں عثمان علی نے کہا کہ یہ دیکھ کی خوشی ہوئی کہ 2021سے ضلع مظفرگڑھ میں پولیو کا کوئی کیس رجسٹرڈ نہیں ہوا جو کہ محکمہ صحت اور انسداد پولیو ٹیموں کی بہتر کارکردگی کو ظاہر کرتا ہے تاہم ابھی بھی ہم نے محتاط رہنا ہے اور اپنا کام ذمہ داری سے کرنا ہے تاکہ مستقبل میں بھی کوئی کیس رجسٹرڈ نہ ہو۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ 26فروری سے ضلع بھر میں خصوصی انسداد پولیو مہم شروع کی جائے گی جس میں 5سال تک کی عمر کے تقریباً 8لاکھ 50ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اجلاس میں معمول کی حفاظتی ٹیکہ جات EPIکی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا کہ ضلع بھر میں 105سنٹر ز موجود ہیں جہاں معمول کے مطابق پیدائش سے لے کر ڈیڑھ سال تک کی عمر کے بچوں کو متعدد بیماریوں سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکہ جات لگائے جاتے ہیں۔ اجلاس میں سی ای او صحت ڈاکٹر ظفر عباس، سی ای او تعلیم حبیب الرحمن فاروقی، ڈی ای تعلیم مہہ جبین سمیت محکمہ صحت اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔